اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کی فکر ہے لیکن سندھ حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو عوام کی فکر ہے۔ دنیا بھر میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ ہوا لیکن حکومت عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنا چاہتی ہے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 13 سال سے سائیں سرکار کی حکومت ہے اور سندھ حکومت آنکھیں بند کر کے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہے۔ سندھ حکومت نے صوبے کے عوام کو مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور سندھ کے علاوہ ہر صوبے میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ہوئی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں آٹے کا تھیلا ایک ہزار 450 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ گزشتہ 3 سالوں میں ہمیں فرٹیلائزر کی ایک بھی بوری امپورٹ نہیں کرنی پڑی لیکن سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث یوریا اسٹاک کیا جا رہا ہے اور سندھ حکومت میں ذخیرہ اندوزوں سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے سبسڈی کا ساڑھے 7 ارب روپیہ منظور کر لیا ہے اور پنجاب بھی سبسڈی میں اپنا حصہ ڈالنے کو تیار ہے لیکن سندھ حکومت نے وہاں بھی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں کیونکہ سندھ حکومت کی پالیسی کسان دشمن ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ میں 11 ارب روپے کی گندم چوری ہو جاتی ہے اور بے شرمی سے کہتے ہیں چوہے گندم کھا گئے۔
مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم صفدر نے وزیر اعظم ہاؤس کے اندر بیٹھ کر میڈیا کے اشتہارات بند کرائے اور مریم صفدر کی وجہ سے بہت سے صحافی بےروزگار ہوئے۔ آج میڈیا کھل کر حکومت پر تنقید کرتا ہے لیکن ہم نے کسی پر پابندی نہیں لگائی۔ یہ منافقت کا لبادہ اوڑھ کر میڈیا کی آزادی کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک جھوٹ بولیں تو 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں اور آڈیو سے پتہ چل گیا کہ آواز مریم صفدر کی ہے۔ ہم اس کی مزید تفصیل بھی سامنے لے کر آئیں گے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ حکومت کو این ایف سی کا پورا شیئر ادا کیا گیا ہے اب کسانوں کے استحصال کا جواب سندھ حکومت کو دینا ہے جبکہ وزیر اعظم سندھ کے عوام کو اس کا حق دلوانے کے لیے ہر اقدام اٹھانے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی مِنی پاکستان ہے جو معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتا ہے لیکن کراچی میں نالوں کی صفائی وفاق کر رہا ہے اور سڑکیں وفاق بنا رہا ہے۔ اربوں روپے ٹیکس اکٹھا کرنے والی سندھ حکومت کیا کر رہی ہے ؟
وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال کاٹن اور گنے کی پیدوار میں اضافہ ہوا ہے۔ کسانوں کو 15 دن کے اندر کیش ادائیگیاں کی جا رہی ہیں جبکہ پہلے کسانوں کو 2، 2 سال پیسے نہیں ملتے تھے۔