پشاور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں ووٹ پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ڈیل غیر قانونی ہے اور ہم پہلے دن سے ہی آئی ایم ایف کے خلاف تھے۔ سلیکٹڈ کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلیکٹڈ وزیر اعظم سے ہر آدمی پریشان ہے اور ہر سفید پوش، تاجر بھی پریشان ہے تو غریب کہاں جائے۔ اس حکومت نے عام آدمی کا جینا ہی حرام کر دیا ہے۔ اس ملک میں ووٹ پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے لیکن لوگ ہمارا ساتھ دیں تو ہم ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی کا جینا حرام کر دیا ہے۔ اب آئندہ انتخابات میں دھاندلی کی کوشش ہو رہی ہے لیکن ہم صاف اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ ناکام رہا لیکن آج سب پیپلز پارٹی کا جلسہ دیکھ لیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے لیے آواز بلند کی کیونکہ پیپلز پارٹی بنائی ہی غربت اور بےروزگاری کے لیے بنائی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اس وقت حکومت سنبھالی تھی جب پوری دنیا میں معاشی بحران تھا لیکن ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے انقلابی منصوبے شروع کیے۔ پیپلز پارٹی حکومت نے ہی پنشن اور تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا لیکن موجودہ حکومت امیروں کو ریلیف اور غریبوں کو تکلیف دیتی ہے۔
ای وی ایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی ایم آر ٹی ایس ٹو ہے اور یہ کیسے ہو سکتا ہے پیرس میں ووٹ ڈالا جائے اور نتیجہ پشاور میں نکلے۔ یہان اوورسیز پاکستانیوں کے نام پر گیم کھیلی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کا پارلیمنٹ میں اپنا نمائندہ ہونا چاہیے اور اوورسیز پاکستانیوں کی حقیقی نمائندگی ہونی چاہیے۔ ایبسولوٹلی ناٹ کہنے والے عمران خان کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پوری دنیا مل کر افغانستان میں ناکام رہی ہے اور جنہوں نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے بچوں کو شہید کیا ان کے ساتھ حکومت مذاکرات کر رہی ہے اور موجودہ حکومت دہشت گردوں کے سامنے جھک چکی ہے۔ یہ لوگ کون ہوتے ہیں قاتلوں سے مذاکرات کرنے والے ؟
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کے خون پر سودے بازی نہیں کریں گے۔ پختون عوام نے فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو شکست دی۔ ہم قبائلی اضلاع میں ایف سی آر کے نظام کو رد کرتے ہیں اور جو سنگین جرائم میں ملوث ہیں ان کو سزا ملنی چاہیے۔ اسلام عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر پاکستانی کو معلوم ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی اور بےروزگاری ہے۔ یہاں چینی کی قیمت میں 200 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہم مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں کے لیے منصوبے لے کر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سازش کرنے والوں کو سازش کرنے دیں اور ٹیپ نکالنے والے ٹیپ نکالتے رہیں لیکن ہم عوامی طاقت سے حکومت بنائیں گے۔ ماضی میں عدالت پر دباؤ ڈالتے رہے کہ زرداری کو 20 سال قید کی سزا سناؤ لیکن اب رات کے اندھیروں میں سعودی عرب سے طیارے نہیں آئیں گے اور جو بھٹو کی بیٹی کو چور کہتے تھے وہ خود سرٹیفائیڈ ہو چکے ہیں۔