سعودی عرب، پُرتعیش محلوں کو لگژری ہوٹلوں میں تبدیل کر دیا جائے گا

سعودی عرب میں عنقریب پُرتعیش محلوں کو لگژری ہوٹلوں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

سعودی دارالحکومت ریاض کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں ہوٹلنگ کے شعبے میں میزبانی کی اعلیٰ ترین پُرتعیش سہولیات کی فراہمی ہے۔

پی آئی ایف کے بیان کے مطابق اِس مقصد کے لیے ملک میں ایک نئے ادارے کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس کا نام بوتیک گروپ رکھا گیا ہے۔ یہ ادارہ سعودی پورٹ سٹی جدہ کے الحمرا پیلس، دارالحکومت ریاض کے طویق پیلس اور ریڈ پیلس نامی محلات کو انتہائی پُرشکوہ ہوٹلوں میں تبدیل کردے گا۔

لگژری ہوٹلوں میں بدل دیے جانے کے بعد ان سعودی محلات میں مہمانوں کے رہنے کے لیے 224 پرتعیش کمرے، سُوٹس اور ولاز دستیاب ہوں گے۔

سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے مطابق اِن محلات میں صحت اور تفریح کی متعدد سہولیات فراہم کیے جانے کے علاوہ لگژری ریسٹورنٹس بھی کھولے جائیں گے۔

سعودی عرب تیل برآمد کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جس کی معیشت کا اب تک زیادہ تر انحصار تیل کی برآمد پر ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے ویژن 2030ء منصوبے کے مطابق سیاحت کو فروغ دے کر ملکی معیشت کا تیل کی آمدن پر انحصار کم کرکے  2030ء تک سیاحتی شعبے سے ہونے والی آمدن کو مجموعی قومی پیداوار کے کم از کم 10 فیصد تک لانا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں