سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کے معاملے پر سابق سری لنکن کرکٹر رانا ٹنگا نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ دیا۔
سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں لکھا کہ آپ کی حکومت کی پریانتھا کمارا کو انصاف دلانے کی کوششوں کی ستائش کرتا ہوں، ایسے پرتشدد رویے کی سخت مذمت کی جانی چاہیے، یہ کارروائیاں آبادی کے ایک چھوٹے سے حصے کی طرف سے کی جاتی ہیں، چند لوگوں کے اعمال پر پوری قوم بالخصوص پاک سری لنکا تعلقات کو نہیں پرکھا جانا چاہیے۔
رانا ٹنگا نے کہا کہ دونوں قوموں کے درمیان رشتہ ہمیشہ مضبوطی اور یکجہتی کا رہا ہے، جب سری لنکا مشکل کا شکار تھا تو یہ پاکستان ہی تھا جس نے ہمارے فوجیوں کا ساتھ دیا، 1996 میں دیگر ممالک نے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے سری لنکا آنے سے انکار کر دیا تھا، پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا آکر حمایت کا اظہار کیا۔
رانا ٹنگا نے عمران خان کے نام خط میں مزید کہا کہ کرکٹ ہو یا سیاست آپ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کرنے میں غیر متزلزل رہے ہیں، جب سے آپ وزیر اعظم بنے ملک کے متنازع مسائل کو احتیاط سے حل کر رہے ہیں، امید ہے آپ پاکستانی کمیونٹی کے چند گمراہ افراد کو عزت سے برتاؤ کرنا سکھا سکیں گے۔
رانا ٹنگا نے کہا کہ بھیانک جرم کے مرتکب تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر آپ کا شکر گزار ہوں۔