حکومت نے سردیوں میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کابینہ توانائی برائے کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سردیوں کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی طلب سے متعلق تجاویز منظور کی گئیں جبکہ کیپٹو پاور کو بھی گیس کی فراہمی بند کی جائے گی اور کٹوتی والی گیس گھریلو صارفین کو فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم ڈویژن نے سردیوں کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان پیش کیا۔
توانائی کمیٹی نے سردیوں کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی طلب سے متعلق تجاویز منظور کرتے ہوئے گیس کی رسد سے متعلق تجاویز آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں سردیوں میں سی این جی سیکٹر اور کیپٹو پاور کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ لوڈ مینجمنٹ پلان میں صنعتی سرگرمیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکسپورٹ انڈسٹری کو گیس کی فراہمی جاری رکھی جائے گی جبکہ گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے گیس پریشر مینجمنٹ پلان اپنایا جائے گا۔
اس حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ مختلف شعبوں کیلئے گیس کی کٹوتی کی جائیگی اور کٹوتی والی گیس گھریلو صارفین کو فراہم کی جائے گی۔