کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چند روز قبل ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران لڑکی کا گینگ ریپ کرنے والے مبینہ ملزمان اسی علاقے میں ایک پولیس کارروائی کے دوران مارے گئے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ کراچی سہائی عزیز کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں پہاڑی کے قریب پولیس چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی اور پہاڑی کی جانب فرار ہوئے۔
پولیس اہلکاروں نے تعاقب کیا اور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے جن میں سے ایک کی شناخت پیر بخش کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے قبضے سے ایک ایک پستول برآمد ہوا۔ ملزمان پر گزشتہ روز ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک لڑکی سے گینگ ریپ کرنے کا شبہ تھا جس پر متاثرہ فیملی سے ملزمان کی لاشوں کی شناخت کرائی گئی تو انہوں نے اپنے گھر میں واردات کرنے والے ملزمان کے طور پر انہیں شناخت کر لیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کی قیادت میں ویسٹ پولیس کے اس اقدام کو بہترین کام قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کے مشکور ہوں جنہوں نے کراچی پولیس کے کام کلو سراہا ہے۔
کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی جانب سے ضلع غربی پولیس کے لیے انعام کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مقابلے میں ملزمان کو ہلاک کرنے پر پولیس ٹیم کو 5 لاکھ روپے انعام ، سرٹیفکیٹ اور تعریفی اسناد دی جائیں گی۔