روس اور چین کیساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی

راولپنڈی: جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستان روس اور چین کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

وہ روس میں امن مشن 2021ء کی مشقوں کے موقع پر روس کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل Valery Gerasimov اور پیپلز لیبریشن آرمی کے چیف آف جوائنٹ سٹاف سے باتیں کر رہے تھے۔

جنرل ندیم رضا نے اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ وہ فروغ پانیوالے تعاون کے ذریعے بامعنی اور طویل مدتی تذویراتی تعلقات قائم کریں گے۔

جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی بری افواج کے چیفس آف جنرل سٹاف کے اجلاس میں بھی شرکت کی اور علاقائی اور جغرافیائی وسیاسی ماحول خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

جنرل ندیم رضا نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور پوری دنیا میں امن کے مشترکہ مقاصد، ترقی اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

انہوں نے عالمی امن کے قیام اور دہشت گردی کیخلاف گرانقدر قربانیوں کیلئے پاک فوج کی بے مثال خدمات کو اجاگر کیا۔ جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کے سربراہ نے کہاکہ افغانستان میں امن کا قیام ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں