دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت میں ختم کریں گے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت میں ختم کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 247 ویں کور کمانڈرز کانفرنس آج جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد ہوئی جس میں شرکا کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور بلوچستان میں حالیہ واقعات پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بلوچستان میں دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

شرکا نے کہا کہ شہداء اور غازیوں نے دہشتگرد حملوں کو کمال جرات سے پسپا کرتے ہوئے ملکی دفاع کو یقینی بنایا اور دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں