موٹروے ایم 2 پر دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ موٹر وے ایم 2 پر کالاشاہ کاکو انٹر چینج کے قریب دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں، جس کے نتیجے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
موٹر وے حکام کے مطابق حادثات موٹروے اور لاہور روڈ پر خان پور نہر اپرچناب کےقریب ہوئے، حادثات شدید دھند کے باعث پیش آئے، اطلاع ملنے پر فوری امدادی کارروائیاں کیں گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کے باعث کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوئیں، ٹریفک معطل ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں بھی لگ گئیں۔
حکام نے موٹر وے پر سفر کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری طور پر موٹروے کا سفر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی حادثے کی صورت میں ہماری ہیلپ لائن 130 پر کال کریں۔