اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ دنیا میں ہتھیاروں کی بجائے بیانیے کی جنگ لڑی جا رہی ہے، جس کا بیانیہ جتنا مضبوط ہوگا، اتنی اس کی اہمیت ہوگی،بیانیہ میں وہی فریق کامیاب ہوتا ہے جو اپنے دماغ کا بہترین استعمال کرتا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کے تحت بھرتی ہونے والے کنٹریکٹ ملازمین کی تعارفی تقریب سے خطاب میں وفاقی ویزراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دوسری جنگ عظیم میں لاکھوں لوگوں کی جانیں گئیں، اس جنگ کے بعد عالمی قانون بنا، دنیا کی اخلاقیات تبدیل ہو گئی، اسلحہ کے زور پر لڑی جانے والی روایتی جنگ کی بات کریں تو امریکانے افغانستان پر حملہ کر کے چند گھنٹوں کے اندر وہاں حکومت ختم کر دی تھی۔
فواد چوہدری نے مزیدکہا کہ دنیا کی بڑی لڑائیاں اب بیانیہ سے لڑی جاتی ہیں، بیانیہ میں وہی فریق کامیاب ہوتا ہے جو اپنے دماغ کا بہترین استعمال کرتا ہے، بیانیہ کے ذریعے ہی ہم اپنا مؤقف بہتر طریقے سے پیش کر سکتے ہیں۔
وزیراطلاعات فوادچوہدری کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ جہاں پیسہ اور وسائل تھے وہاں قبضہ کر لیا جاتا تھا۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کا میزائل پروگرام دنیا کے چند بہترین میزائل پروگرامز سے ہے، نئے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ ہماری دفاعی طاقت میں اہم اضافہ ہے۔
پاکستان کا میزائیل پروگرام دنیا کے چند بہترین میزائیل پروگرامز سے ہے، زمین سے زمین پر مار کرنے والے نئے بیلسٹک میزائیل کا کامیاب تجربہ ہماری دفاعی طاقت میں اہم اضافہ ہے ، انشاللہ ہماری قوت حزب اس شاندار اضافے سے مزید موثر ہو گی https://t.co/uh9PYQLe4T
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 26, 2021
وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا کہ انشاء اللہ ہماری قوت حزب اس شاندار اضافے سے مزید مؤثر ہو گی۔