خیبر اور دیر میں موسلادھار بارشیں، چھتیں گرنے سے 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر اور دیر بالا میں موسلادھار بارشوں اور برفباری کے باعث مکانوں کی چھتیں گرنے سے 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دیربالا کے علاقے ڈوگ درہ میں شدید برفباری کے باعث محمد عظیم نامی شخص کے گھر کی چھت گرگئی۔

حادثے میں 4 بچوں اورخاتون سمیت 5 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ مقامی افراد اورپولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت تمام لاشیں ملبے سے نکال لیں۔

دوسری جانب ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث کئی مکانات گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کئی مکانات گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ اکاخیل کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اورایک بچی جاں بحق ہوئی جبکہ چرگئی ڈاگری میں کمرےکی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں