خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے ڈی آئی خان میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں ناکہ بندی کے دوران دودھ ٹینکرز کا معائنہ کیا گیا جس کے بعد دو ٹینکرز کے دودھ میں پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔
فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر ٹینکرز سے 3 ہزار لیٹر سے زائد ناقص دودھ تلف کردیا گیا۔
فوڈ سیفتی اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دودھ میں پانی کی ملاوٹ پر متعلقہ افراد کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اسکے علاوہ ڈی آئی خان میں مختلف بیکری یونٹس کا معائنہ کرکے ناقص صفائی پر چار پروڈکشن یونٹس بھی سیل کر دئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل ہی خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے جعلی گڑ تیار کرنے والے یونٹ کے خلاف کی گئی کارروائی کے نتیجے میں 1400 کلو چینی، خراب گڑ اور مضر رنگ ضبط کرلیا گیا تھا۔
ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا ہے کہ یونٹ میں گنے کے بجائے چینی، خراب گڑ اور مضر صحت رنگوں کی مدد سے گڑ تیار کیا جارہا تھا۔
ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مارکیٹ میں صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، عوام بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف شکایات ہمارے ٹال فری نمبر پر درج کرائیں۔