سیالکوٹ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کسی بھی وقت جا سکتی ہے، الیکشن کے آثار نظر آرہے ہیں۔
انہوں ںے یہ بات ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے قبل تنظیم سازی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں ںے کہا کہ سانحہ مری سے زیادہ المناک واقعہ کیا ہو سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ لوگ گاڑیوں میں بیٹھے زندگی کی بازی ہار گئے اور کوئی بچانے والا نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اپنے سپورٹرز اور ووٹرز بھی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ حکومت جو تبدیلی لے کر آئی ہے وہ خرابی کی تبدیلی ہے۔ انہوں ںے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ عوام موسم دیکھ کر کیوں نہیں گئے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی ناکامی کا ملبہ موسم کی خرابی پر ڈال دیا۔
سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ کوریا کے صدر نے کشتی ڈوبنے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ریاست مدینہ کی باتیں کررہی ہے۔
ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ 68 فیصدپاکستانیوں نے مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان کو ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ بھوکے سو رہے ہیں۔