حکومت کا چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے چین، روس اور قازقستان سے 5 ارب ڈالر قرض لینے کی تیاری شروع کردی ہے۔

قرض کے حصول کے لیے وزارت اقتصادی امور نے پلان بھی تیار کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے 3 ارب جب کہ روس اور قازقستان سے 2 ارب ڈالر قرض لیا جائے گا۔

چین سے 3 ارب ڈالر کا قرض زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لئے ملیں گے، قازقستان اور روس سے ملنے والے 2 ارب ڈالر ایم ایل ون پر خرچ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے رواں ہفتے دورہ چین کے موقع پر 3 ارب ڈالر قرض کا معاہدہ طے پائے گا۔ 3 ارب ڈالر کا ابتدائی معاہدہ ایک سال کے لئے کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ قازقستان اور روس سے 2 ارب ڈالر کا معاہدہ بھی جلد کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان نے عالمی اداروں اور مختلف ذرائع سے 9 ارب ڈالر کا قرض پہلے ہی لے لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں