حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے قرضے مزید سستے کردیئے۔
اسٹیٹ بینک نے ٹیئرون کے ہاؤسنگ قرضوں پر شرح سود میں کمی کا سرکلر جاری کردیا جس کے مطابق 1 سے 5 سال کے قرضوں پر شرح سود 3 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد، 6سے 10 سال تک کے قرضوں پر شرح سود 5 فیصد سے کم کرکے 4 فیصد، 11 سے 15 سال کے نیفڈا کے ہاؤسنگ لونز 5 فیصد شرح سود پر ملیں گے جبکہ 15 سے 20 سال کے ہاؤسنگ لونز پر شرح سود کائبور پلس 2.5 فیصد ہوگی۔
مرکزی بینک کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پراجیکٹس میں اضافے کیلئے اقدام اٹھایا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ میرا گھر میرا پاکستان اسکیم کے تحت اب تک بینکوں کو 276 ارب کی درخواستیں مل چکی ہیں اور بینک اب تک 117 ارب روپے کے قرضے جاری کرچکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے 17 اپریل 2019 کو یا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پروگرام کا افتتاح کیا تھا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ایک شروعات ہے، ہم ملک بھر میں مختلف جگہوں پر اسکیمیں شروع کریں گے.