پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دھاندلی کی پیداوار ہمیں انتخابی اصلاحات دے تو یہ قیامت کی نشانی ہوگی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون کسی ایک فرد کے لیے نہیں بنایا جاتا لیکن حکومت صدارتی آرڈیننس لا کر اپنی سہولت کے لیے قانون سازی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قانون سازی ایک اچھی مثال نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو توسیع پی ڈی ایم نہیں کسی اور وجہ سے ملی ہے جبکہ یہ حکومت نااہل اور نالائق ہے جو کچھ ڈیلیور نہیں کر سکی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی نااہلی پاکستان کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے اور ہم سڑکوں پر آ کر اسے آشکار نہ کرتے تو یہ کبھی تاریخ کا حصہ نہ بنتی۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی پیداوار ہمیں انتخابی اصلاحات دے تو یہ قیامت کی نشانی ہے۔