اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے پاس ووٹ مکمل ہوتے تو وہ حکومت میں ہوتے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا آئینی استحقاق ہے اور تحریک عدم اعتماد سے متعلق پی ڈی ایم کا مقابلہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حلیف جماعتوں کا سیاسی و اخلاقی فرض ہے کہ سب تحریک کو شکست دیں۔ حزب اختلاف نے وزیر اعظم کو اسمبلی میں پہلی تقریر بھی جم کر نہیں کرنے دی تھی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حزب اختلاف کے ارادے پہلے دن سے واضح دکھائی دے رہے تھے اور میں پر امید ہوں کہ ان کی یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہو گی۔ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی ڈٹ کر اپنے قائد کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ہر لحاظ سے دفاع کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور اگر حزب اختلاف کے پاس ووٹ مکمل ہوتے تو وہ حکومت میں ہوتے۔ پی ڈی ایم کی اپنی صفوں کے اندر ابھی تک یکسوئی نہیں ہے۔