جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ، 10 دہشتگرد مارے گئے

جنوبی وزیرستان میں پاک فوج نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 اہم کمانڈروں سمیت 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اور مصدقہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کرنے کے دوران پاک فوج اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں 4 اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔ ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں ملوث تھے۔

دہشت گرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور حملوں میں بھی ملوث تھے۔ دہشت گرد جنوبی وزیر ستان ضلع میں دہشت گردی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، پاک فوج ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

ادھر ایرانی حدود سے ایف سی پوسٹ پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں سپاہی مقبول شہید اور ایک زخمی بھی ہو گیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان چوکب کے علاقے میں ایران کی حدود سے ایف سی پوسٹ پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی مقبول شہید اور ایک زخمی بھی ہو گیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے فائرنگ کے دوران چھوٹے ہتھیار استعمال کئے اور پاکستان نے متعلقہ ایرانی حکام کو واقعہ سے آگاہ کر دیا۔ 

دو روز قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں امن دشمنوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا گیا تھا اور ایف سی جوانوں کی جانب سے حملے کا بھرپور جواب دیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عرفان شہید اور 2 جوان زخمی ہو گئئے تھے۔ 

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے اور دہشتگردوں کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں