قومی خزانے میں ٹیکس کے ذریعے سب سے زیادہ رقم پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے جمع کرائی ہے۔
یہ انکشاف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ پارلیمنٹیرینز کی ٹیکس ڈائریکٹری 2019 میں کیا گیا ہے۔
ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق پی ٹی آئی کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے 14 کروڑ7 لکھا روپے سے زائد ٹیکس کی مد میں ادا کیے ہیں۔
واضح رہے کہ نجیب ہارون نے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ تنخواہ وصول نہیں کریں گے۔ نجیب ہاورن نے کچھ عرصہ قبل ناراضگی کی بنیاد پر ایم این کی نشست سے مستعفی ہونے کے لیے باقاعدہ خط بھی لکھ دیا تھا۔
اعداد و شمار کے تحت نجیب ہارون کے بعد طلحہ محمود نے 3 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا، اس طرح وہ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز علی نے دو کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا جس کی وجہ سے وہ اراکین پارلیمنٹس میں تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔