پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو نے پاکستان کی عوام اور جمہوریت کے لیے اپنا پورا خاندان قربان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مادرِ جمہوریت نے ذاتی طور انسانیت سوز تشدد اور مظالم تو برداشت کرلیئے، لیکن جمہور کے مفاد و بھبود کے کاز پر کوئی آنچ آنے نہیں دی۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیگم نصرت بھٹو کو ان کی 10 ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیگم نصرت بھٹو نے پاکستان کی عوام اور جمہوریت کے لیے اپنا پورا خاندان قربان کردیا ، اس طرح کی قربانی اور حوصلے کی مثالیں انسانی تاریخ میں نہ ہونے کے برابر ہیں۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کے عدالتی قتل کے بعد بیگم نصرت بھٹو نے ملک کی جمہوری قوتوں کو متحد کیا جبکہ بیگم نصرت بھٹو نے ایک بڑی عوامی جدوجہد کی قیادت بھی کی۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قوم کو وہ دن آج بھی یاد ہے، جب بیگم نصرت بھٹو نے جنرل ضیاء کی آمریت کے خلاف لاہور کے قذافی گراوَنڈ میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی تھی، جبکہ احتجاج کے دوران بیگم بھٹو کو ریاستی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ لہولہان ہوگئیں تھیں۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مادرِ جمہوریت نے ہمیں بدترین آمریت کا مقابلہ کرنا اور ہر قیمت پر عوامی حقوق کی جدوجہد کے پرچم کو تھام کر کھڑا ہونا سکھایا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ بیگم نصرت بھٹو کی زندگی جیالوں سمیت جمہوریت پسند اور حقوق کے لیئے سرگرمِ عمل ہر کارکن کے لیئے مشعلِ راہ ہے۔