بھارت سے ہندو یاتریوں کا پہلا وفد پشاور پہنچ گیا

پڑوسی ملک بھارت سے ہندو یاتریوں کا پہلا 13 رکنی وفد غیر ملکی پرواز کے ذریعے پشاور پہنچ گیا۔

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کے مطابق پشاور آنے والا ہندو یاتریوں کا یہ وفد کرک کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ہندو یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے، پاکستانی حکومت کی جانب سے یاتریوں کو مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے بتایا کہ بھارت سے کُل 200 ہندو یاتری آج پاکستان پہنچیں گے، ہندو یاتریوں کا دوسرا 113 رکنی وفد بھی کچھ دیر بعد پشاور پہنچے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا، یہ یاتری یکم تا 4 جنوری پاکستان کا دورہ کریں گے۔

پیٹرن انچیف پاکستان ہندو کونسل نے مزید بتایا کہ پاکستان سے بھی ہر ماہ 1 وفد بھارت روانہ ہو گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی وفد حضرت خواجہ نظام الدین اولیاؒ اور خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ کی زیارت کرے گا۔

واضح رہے کہ آج آنے والے ہندو یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، کٹاس راج مندر، شاہی قلعے اور بادشاہی مسجد سمیت دیگر تاریخی مقامات کا بھی دورہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں