بھارتی فوجی اہلکار نے فائرنگ کر کے اپنے ہی 4 اہلکاروں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں کے ایک کیمپ میں سیکیورٹی اہلکار نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی آواز سن کر سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد مشتعل اہلکار نے اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک اہلکار اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں سی آر پی ایف کی 50 ویں بٹالین کے دھان جی، راجیو منڈل، راجمنی کمار یادو اور دھرمیندر کمار شامل ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں میں دھننجے کمار سنگھ، دھرماتما کمار اور مالے رنجن مہارانا شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک اور بھارتی اہلکار بویندر سنگھ نے خودکشی کر لی۔