وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہےکہ آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنایا ہے، انہیں وزیراعلیٰ یا وزیراعظم کے اختیارات نہیں دیے جاسکتے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ سامنے آنے دیں،کوئی بات نامناسب لگی تو فیصلہ چیلنج کریں گے، چیف جسٹس نے اپنی ملازمت کے آخری دن وہ فیصلہ دیا جس کے دور رس اثرات ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تھر کول پاور پروجیکٹ میں مزیدکوئلہ ملا ہے جس سے سستی بجلی بنا کر عوام کو فراہم کی جائے گی، ملک میں گیس کا نہیں حکومت کا بحران ہے، 18ویں ترمیم کو متنازع بنایا جارہا ہے، 18 ویں ترمیم وفاق کو مضبوط بناتی ہے، یہ تمام جماعتوں کا متفقہ فیصلہ تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی غلامی کے بل کو پاس کروانےکے لیے چیئرمین سینیٹ کا سہارا لیا جا رہا ہے، اجلاس سے صرف گیلانی صاحب نہیں دیگر جماعتوں کے اراکین بھی غیر حاضر تھے، ذمہ داری سب کی ہوتی ہے۔