بلاول حکومت کیخلاف تحریک چلانے کے بجائے سندھ کی فکر کریں، فرخ حبیب

وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو سندھ کی فکر کریں جہاں غربت اور بے روزگاری عروج پر ہے۔

وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے بجائے سندھ کے عوام کے لیے کچھ کریں کیونکہ سندھ میں غربت اور بےروزگاری کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روٹی، کپڑا اور مکان کی آڑ میں کرپشن کی اور جعلی اکاونٹس بنائے۔ سندھ بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1400 سے 1500 روپے میں مل رہا ہے اور سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کو ٹینکر اور ذخیرہ اندوز مافیا کے حوالے کر دیا ہے اور آج پاکستان جن بیرونی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے اسکی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کھانے پینے کی اشیا میں 40 فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے لیکن وزیر اعظم کی ہدایات ہیں کہ عوام کو ریلیف اور سہولیات فراہم کی جائیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہم نے اپنے ٹیکسز میں بتدریج کمی کر کے پورا بوجھ عوام تک منتقل نہیں ہونے دیا اور کم آمدن گھروں کا منصوبہ ان لوگوں کے لیے ہے جو آج تک چھت سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کو ٹائیگر فورس ہضم نہیں ہو رہی کیونکہ انہوں نے ہمیشہ غنڈا فورس تیار کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں