بابا گرونانک کا 552 واں جنم دن: وزیراعظم کی دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مبارکباد

وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک کے 552 ویں جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارک موقع پر ہم ہزاروں سکھوں کو پاکستان میں ان کے مذہبی مقامات کا دورہ کرنے کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں، مذہبی رسومات کی ادائیگی میں حکومت انہیں سہولت فراہم کرتی رہے گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سکھ برادری کو باباگرونانک جی کے 552 ویں جنم دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک کا جنم دن سکھ برادری کے لئے خوشیوں بھرا تہوار ہے، سکھ برادری کو پنجاب آمد پر جی آیاں نوں کہتے ہیں، ہر سال سکھ برادری کی مہمان نوازی کر کے دلی خوشی ہوتی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے سکھ برادری کو بابا گو رونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں، ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے، یگانگت اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے، بابا گورونانک نے امن و آتشی، اخوت، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بابا گرو نانک مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے، کرتار پور رہداری کا قیام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی کارنامہ اور سکھ برادری کیلئے تحفہ ہے، کرتار پور راہداری بننے سے سکھ برادری کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں، پنجاب سمیت پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہیں۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ سکھ برادری کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے، سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں