ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن سے متعلق رپورٹ کو وزیراعظم عمران خان کے ساتھیوں نے بھی تسلیم کرلیا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ایک رپورٹ کے باعث کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی) کی ٹوٹل رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے، 8 میں سے 7 رپورٹس میں کوئی فرق نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کا ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ پر واویلا بلاجواز ہے۔
اُدھر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل کا کہنا تھاکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اس وقت اچھی رپورٹ دے رہا تھا جب شہباز شریف کا چپڑاسی 9000 روپے کی تنخواہ ہونے کے باوجود اکاؤنٹ میں 4 ارب جمع کررہا تھا۔
خیال رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کردیا جس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا اور کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان دنیا میں 140ویں نمبر پرآگیا۔