کراچی: ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجود ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اور پختہ حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے؛ جو کہ انسانیت کی تاریخ میں ہولناک ترین 730 دنوں کے طویل عرصے کے غیر انسانی محاصرے میں قید ہیں۔
میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر کی حیثیت سے وہ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جب تک انڈیا کشمیریوں کا وحشیانہ محاصرہ ختم نہیں کرتا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی نقل مکانی اور آبادکاری کونہیں روکتا،جس کا مقصد آبادی کے تناسب کو بدلتے ہوئے مسلمانوں کو ایک اقلیت میں تبدیل کرنا ہے؛عالمی برادری کوبھارت کااحتساب کرنا چاہیے۔
ایف پی سی سی آئی بیداری پیدا کرنے اور کشمیر کی آواز کو بلند اور واضح کرنے کے لیے یومِ استحصال کو پرجوش طریقے سے منائے گااورملکی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کا پیغام پہنچائے گا۔
میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو معاشی سرگرمیوں اور سماجی و سیاسی زندگی سے محروم کرنے کی گھناؤنی کوششوں سے پوری طرح آگاہ ہے؛ تاکہ کشمیری قابض افواج کے انتہا پسند اور وحشیانہ ایجنڈے کے سامنے ہتھیار ڈال سکیں۔ لیکن ہمارے کشمیری بہن بھائی جدوجہد کے آخری وقت تک لڑیں گے اور ثابت قدم رہیں گے؛ جب تک کہ کشمیر پاکستان نہ بن جائے۔