فیڈرل آف ریونیو(ایف بی آر) کے پوائنٹ آف سیل نظام سے منسلک ری ٹیلرز سے خریداری کرنے والوں کیلئےانعامی اسکیم کی پہلی قرعہ اندازی آج بروز ہفتہ کو ہوگی۔
ایف بی آر سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق انعامی اسکیم کے تحت 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ پہلا انعام 10 لاکھ روپے کا دیا جائے گا۔
دوسرے نمبر پر پانچ پانچ لاکھ روپے کے 2 انعامات، تیسرے نمبر پر ڈھائی لاکھ روپے کے 4 انعامات اور چوتھے نمبر ایک ہزار افراد کو فی کس 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
ایف بی آر کے مطابق صارفین کو دکاندار سے پکی رسید لے کر تصدیق کیلئے آسان موبائل ایپ پر بھیجنا ہوگی دسمبر 2021 میں بھیجی گئی،انٹریز کی آج بروز ہفتہ قرعہ اندازی ہوگی جبکہ یکم جنوری سے بھیجی گئی رسیدیں اگلی قرعہ اندازی میں شامل ہونگی۔
واضح رہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پی او ایس سے منسلک ٹیئر ون ریٹیل آؤٹ لیٹس سے خریداری کرنے پرانعامی اسکیم کا آغاز 13 دسمبر کو کیا تھا۔
ایف بی آر کے مطابق انعامی اسکیم کا مقصد سیلز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ شفافیت اور ریونیو چوری کے تدارک کو یقینی بنانا ہے۔ اس سے یہ امر بھی یقینی ہو گا کہ پوائنٹ آف سیل پر صارفین سے وصول کیا گیا ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع ہو۔
صارفین ایف بی آر کی ٹیکس آسان موبائل ایپ کے ذریعے خریداری کی رسید کی تصدیق کر کے یا انوائس نمبر 9966 پر ایس ایم ایس کر کے قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتے ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ ر یٹیلرز کی فہرست ویب سائٹ پر دستیاب ہے.