ایف آئی اے نے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث لڑکی سمیت6 ملزمان گرفتارکرلیے

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبرکرائم سرکل نےکراچی اور سکھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔

ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل نے پہلی کارروائی میں سکھر سے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر سرکل عمران ریاض کے مطابق ملزمان نے کم عمر بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، اس واردات میں مقامی گلوکارکو جھوٹے الزام میں پھنسانے کی نیت سے بچے سے زیادتی کی ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل کی گئی۔

گرفتار ملزمان میں محمد قاسم، ہیبت خان، شاہد حسین اور فراز شیخ شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والے موبائل فونز بھی برآمدکرلیےگئے جنھیں فارنزک کے لیےبھیج دیا گیا ہے۔

دوسری کارروائی میں ایف آئی اے نےکراچی سے خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان آپس میں بہن بھائی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم آدرش بخاری اپنی کم عمر سابقہ اہلیہ پر تشددکرکے ویڈیو بناتا تھا۔

ملزم نے اپنی بہن ملزمہ دانیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ خاتون پر تشدد کی ویڈیو وائرل کی تھی اور اب دونوں خاتون کو بلیک میل کررہے تھے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں