کراچی میں شاہ لطیف تھانےکے ایس ایچ او پر اپنے ہی تھانے میں 2 افراد کے اغوا کا پرچہ کٹ گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او اسرار حسین برڑو نے دو شہریوں فدا اور عدیل کو اُن کےگھر سے اغوا کیا اورگھر سے بھاری مالیت کے زیورات بھی اُٹھالیے، دونوں کو تھانے میں بند رکھا ، تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
ایس ایچ او نے دونوں افراد کو جعلی مقابلے میں جان سے مارنےکی دھمکی بھی دی اور دونوں افراد سے جان بچانےکے لیے رقم کا مطالبہ بھی کیا۔
پولیس نے عدالتی حکم پر اپنے ایس ایچ او سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمہ اغوا، حبس بے بجا میں رکھنے اوربھتہ خوری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ درج ہونےکے باوجود اب تک اسرار حسین سمیت مقدمے میں نامزد کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔
خیال رہےکہ سابق ایس ایچ او اسرار حسین کی سربراہی میں دو شہریوں کو چند روز قبل شاہ لطیف پولیس نے منشیات ایکٹ میں گرفتار کیا تھا۔