اسلام آباد: وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اونچ اور نیچ زندگی کا حصہ ہے، ہر تنظیم میں انسان کی زندگی میں اونچ نیچ آتی ہے۔ خدا نے عظیم انسان بننے کا راستہ بتادیا ہے۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن منتخب حکومت گرانے کیلئے فوج کے پیچھے پڑی ہے۔ جانے والے حکمران بیس ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کر گئے، اقتدار میں آئے تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔ ہماری ٹیم نئی تھی، کسی چیز کا پتا نہیں تھا۔ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں مجبوراً آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ اس موقع پر سعودی عرب اور چین مدد نہ کرتے تو ہمارے لئے بہت مشکل ہوتی۔ تحریک انصاف نے معیشت کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا، آج خسارہ ایک اعشارہ آٹھ ڈالر کی سطح پر آگیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت ہے لیکن گھبرانا نہیں ہے ، یہ اللہ کا نظام ہے۔ کرکٹ میں جب مشکل وقت آتا تھا تو پورا تجزیہ کرتا تھا۔ ہم نے مشکل وقت میں غلطیوں سے سیکھنا ہے۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ کوئی بھی پرچی پکڑ کر لیڈر بن جائے، کوئی بھی شخص شارٹ کٹ سے لیڈر نہیں بن سکتا۔دنیاکا کوئی بھی لیڈر دیکھ لیں وہ جدوجہد کرکے اوپر آتا ہے، میں تو ایک ہی لیڈر کو مانتا ہوں اور وہ قائد اعظم محمد علی جناح ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ عروج کا راستہ ہمارے نبی ﷺکاراستہ ہے، ہمارے نبیﷺ نے بھی بڑا مشکل وقت گزارا، میں ہمیشہ نبی پاکﷺ کی زندگی سے سیکھتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد پلوامہ کا واقعہ ہو گیا۔ پلوامہ واقعے پر میں پاک فوج کا شکر گزار ہوں۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے پاس ایسی فوج ہے لیکن اپوزیشن فوج پر تنقید کرتی ہے اور اس کے پیچھے پڑی ہے منتخب حکومت کو گرا دے جبکہ بھارتی لابی چاہتی ہے کہ پاکستان کی افواج کو بدنام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے افواج پاکستان کے خلاف پورا محاذ بنایا ہوا ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر اعتماد تھا۔ افواج پاکستان نے نریند مودی کو دلیرانہ جواب دیا۔
پاکستان میں عالمی وبا کے سدباب کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور ان کا دیگر ممالک سے موازنہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم غلط فیصلہ کر لیتے تو بھارت کی طرح لوگوں نے بھوکے مرنا تھا۔ پارلیمنٹ میں مجھے اپوزیشن نے بھارت کی طرح لاک ڈاؤن کا مشورہ دیا لیکن این سی او سی نے بڑے اچھے فیصلے کیے، میں ڈاکٹر فیصل سلطان اور اسد عمر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے پریشر ڈالا لیکن ہم نے غریب آدمی کا سوچا۔ اسی وجہ سے اللہ نے ہمیں بچا لیا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی کورونا پالیسی کو سراہا۔