فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافین) نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومیکرون سے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ فافن نے زور دے کر کہا ہے کہ شعبہ صحت کی ترجیحات کی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔
فافن نے اس ضمن میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ غلط معلومات اور افواہوں کی وجہ سے ویکسی نیشن کا عمل سست رہا ہے۔
فافن کے مطابق ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
فافن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ویکسی نیشن مہم کے باوجود آبادی کا ایک بڑا حصہ ابھی تک کورونا ویکسین سے محروم ہے جب کہ اومیکرون ویرئنٹ سمیت کسی بھی قسم کی نئی شکل سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن ازحد ضروری ہے۔
واضح رہے کہ قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں اب تک کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے 75 کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔
قومی ادارہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 17، کراچی میں 33 اور لاہور میں اومیکرون کے 13 کیسز سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اومی کرون کے 12 کیسز بیرون ملک سے آنے والے افراد میں پائے گئے ہیں جب کہ تمام مریضوں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے بھی خبردار کیا تھا کہ اومیکرون سب کے گھروں پر دستک دینے والا ہے۔
بل گیٹس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ لوگ اب وبائی مرض کے بدترین مرحلے میں داخل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ اب زندگی معمول پر آ جائے گی لیکن اب ہم وبائی مرض کے بدترین دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ میں نے چھٹیوں کے اپنے بیشتر منصوبے منسوخ کر دیے ہیں کیونکہ میرے قریبی دوست اومیکرون کی وجہ سے تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں۔