ایم کیو ایم کے کارکنوں کو بھارت سے دہشت گردی کی تربیت دلوانے کے الزام میں ملوث ایم کیو ایم کے سابق رہنما انیس خان ایڈووکیٹ کو تمام مقدمات سے بری کردیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئئر سیاست دان اور سابق رکن قومی اسمبلی انیس خان ایڈووکیٹ اے ٹی سی کورٹ سے تمام کیسسز میں باعزت بری کردیے گئے۔
انیس ایڈووکیٹ کے خلاف 4 مختلف مقدمات درج تھے، ان پر دہشت گردی، سہولت کاری اور را سے روابط اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کو بھارت سے دہشت گردی کی تربیت دلوانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
فیصلہ آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجھ پر دہشت گردی کے چار مقدمات تھے جن میں مجھے بری کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ تین کیسسز اور اج آخری کیس میں دہشت گردی کی کورٹ نمبر سولہ سے بریت ملی، مجھے سی ٹی ڈی نے گزشتہ سال جون میں دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے الزام میں طلب کیا تھا۔
انیس ایڈووکیٹ نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ آج مکمل ٹرائل کے بعد مجھے الزمات سے باعزت بری کیا گیا ہے۔