انصاف اور انسانیت کی وجہ سے ایک قوم مضبوط ہو جاتی ہے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف اور انسانیت کی وجہ سے ایک قوم مضبوط ہو جاتی ہے ۔ مدینہ کی ریاست پہلی ریاست تھی جس نے کمزور طبقے کی ذمہ داری لی تھی ۔

رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کے اصول اخلاق اور قانون کی بالادستی تھے ۔ جب ایک ریاست لوگوں کی ضروریات پوری کرتی ہے تو لوگ اس کے ساتھ جڑ جاتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں جو بھی ممالک آگے بڑھے ان میں انصاف اور اعلیٰ اخلاق شامل تھا ۔ آج دنیا تقسیم ہے ، غریب ملک کہاں ہیں ، جن ممالک میں انصاف نہیں ملتا وہ کدھر ہیں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ رول آف لا صرف وہ قوم دے سکتی ہے جو قانون کی بالادستی قائم رکھے ۔ اللہ تعالیٰ کی نعمتیں حاصل کرنے کیلئے ہمیں اپنا راستہ ٹھیک کرنا ہوگا ۔ کسی بھی اچھے معاشرے میں اچھے اور برے کی تمیز بہت ضروری ہے ۔ نبی پاک ﷺ نے سب سے پہلے معاشرے کا اخلاقی معیار اوپر اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست تمام مسلمانوں کیلئے ایک نمونہ بنی ، یہ جو انقلاب آیا تھا اس پر چل کر مسلمان اوپر کی طرف اٹھ گئے ۔

عمران خان نے کہا کہ نبی پاک ﷺکے یوم ولادت پر نوجوانوں کیلئے خصوصی ویڈیو تیار کی گئی ہے ۔ ہماری نوجوان نسل کو نبی پاک ﷺکی سیرت کے بارے میں معلوم ہونا چاہئے ۔ لوگوں کو اس بات کا علم ہی نہیں نبی پاک ﷺ دنیا میں کتنا بڑا انقلاب لے کر آئے ۔ کئی لوگوں کو اس بات کا علم نہیں ہم کیوں نبی پاک ﷺکی سالگرہ کی خوشیاں مناتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے گھروں میں ربیع الاول کی خوشیاں منائیں وہ لائق تحسین ہیں ۔ جنہوں نے پاکستان کے شہروں کو سجایا ہوا ہے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں