وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ امیکرون وائرس کے سلسلے میں بہت تشویش کا سامنا ہے، تشویش ہے کہ بوسٹر ویکسین وائرس کی اس قسم کیلئے مؤثر ہوگی یا نہیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل نے بتایا کہ کورونا کی اس قسم میں 50سے زائد جینیاتی تبدیلیاں موجود ہیں،جینیاتی تبدیلیوں کے باعث یہ وائرس بہت تیزی سے منتقل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ابھی تک ویکسین کا دوسرا ڈوز نہیں لگوایا وہ فوراً لگوائیں۔
وزیر صحت سندھ نے بتایا کہ 12 سال کی عمر کے بچوں کی ویکسین کا سلسلہ شروع کر دیا ہے،جن لوگوں نے ویکسین کا دوسرا ڈوز نہیں لگوایا ان کے گھروں تک جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کا دوسرا ڈوز ہر صورت میں لگانا ضروری ہے۔