امپورٹڈ گاڑیوں پر ٹیکس گاڑیاں بنانے کے لائسنس کی بنیاد پر ہو گا، چیئرمین ایف بی آر

چیئرمین ایف بی آر محمد اشفاق احمد نے کہا ہے کہ گاڑیاں بنانے کے لائسنس کی بنیاد پر امپورٹڈ گاڑیوں پر ٹیکس وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ طلحہ محمود کی سبرہای میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر محمد اشفاق احمد نے گاڑیوں کی فروخت پر اون منی کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے اقدامات پر آگاہ کیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی ارکان کو بتایا کہ اون منی کو ختم کرنے کے لیے اب گاڑیاں بنانے کے لائسنس کی بنیاد پر امپورٹڈ گاڑیوں پر ٹیکس وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اشفاق احمد نے بتایا کہ امپورٹرز بیرون ملک سے منگوائی گئی گاڑیوں پر رجسٹریشن کے بغیر ہی اون منی لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت گاڑی کے درآمد کنندہ نے اپنے نام سے گاڑی فروخت نہ کی تو اس پر ٹیکس لگے گا، اور ایسی گاڑیوں کی فروخت پر ٹیکس لاگو کرنے میں کوئی ٹائم فریم بھی نہیں ہوگا۔

چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح کو 50 ہزار ایک لاکھ، 1001 سے 2000 سی سی تک گاڑیوں پر ایڈوانس ٹیکس 2 لاکھ جب کہ 2001 سی سی سے اوپر کی گاڑی پر ایڈوانس ٹیکس 4 لاکھ کیا جارہا ہے۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مصدق ملک نے مطالبہ کیا کہ سیکنڈ ہینڈ گاڑی کی رجسٹریشن پر اضافی ٹیکس ختم کیا جائے۔

بعد ازاں کمیٹی نے گاڑیوں کی طلب اور پیداوار کے معاملہ سیکرٹری صنعت و پیداوار کو طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں