راولپنڈی: پاک افغان بارڈر پر ایک بار پھر سرحد پار سے دہشت گردانہ کارروائی کی گئی ہے. پاک فوج نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان بارڈر پرلوئر دیر میں سرحد پارسے دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔ فائرنگ افغان علاقے سے فوجی چوکی پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے واقعے پر پاک فوج کی جانب سے فوری طور پر جوابی کارروائی کی گئی۔ پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔
دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک جوان حوالدار گل امیر نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ 36 سالہ حوالدار گل امیر کا تعلق لکی مروت سے تھا۔