افغانستان کی موجودہ صورت حال اور خطے کی سیکیورٹی سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم کی سربراہی میں اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں 15 دسمبر بروز بدھ ہوگا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور عسکری حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورت حال پر مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں سرحدی صورت حال اور خطے میں ہونے والے تبدیلیوں کے پیش نظر اہم مشاورت بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکیورٹی حکام کی جانب سے وزیراعظم اور شرکا کو بریفنگ دی جائے گی۔
قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے 19 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس کے حوالے سے کہا تھا کہ اجلاس کا مقصد افغانستان کی سنگین انسانی صورت حال پر غور و خوض کرنا اور مؤثر لائحہ عمل طے کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں بعض بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے جہاں افغانستان سے متعلق اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے پیش کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت افغانستان کے 3 کروڑ 80 لاکھ افراد افراد میں سے 50 فیصد کو ’غذائی قلت‘ کا سامنا ہے اور یہ صورتحال روز بروز بدتر ہوتی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان 19 دسمبر کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کررہا ہے۔ اس اجلاس کا مقصد افغانستان کے لاکھوں افراد کے لیے مناسب خوراک، ادویات اور رہائش کی سہولتوں کے بارے میں تعاون حاصل کرنا ہے۔