نیب نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا۔
نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا ہے۔
آغا سراج درانی نے سندھ ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت منسوخ ہونے کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ان کی درخواست پرسماعت کی ۔
جسٹس سجاد علی شاہ نے استفسار کیا کہ آغا سراج درانی نے گرفتاری کیوں نہیں دی؟ جب ہائیکورٹ نے ضمانت منسوخ کی تو آپ کو جیل میں ہونا چاہئے تھا،ہم آپ کو خصوصی رعایت کیوں دیں؟
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے قانون کے مطابق چلنا ہے، نیب کے سامنے سرنڈر کرینگے تو آپ کی درخواست ضمانت ٹیک اپ کر لیں گے۔
جسٹس منصورعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کے بغیر سپریم کورٹ اس پر سماعت نہیں کرے گی۔
آغا سراج درانی کے وکیل عامر نقوی نے عدالت سے کہا کہ ہم نے آپ کے سامنے خود کو سرینڈر کردیا ہے، اس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نیب کے سامنے سرینڈر کریں، ہم نے پہلے بھی آپ کو رعایت دی تھی، ہائیکورٹ کا فیصلہ آپ کے خلاف کھڑا ہے۔
عامر نقوی ایڈووکیٹ نے استدعا کی تھی کہ وہ بیان حلفی دے دیتے ہیں، یہاں سے گرفتار نہ کیا جائے، سندھ میں خود گرفتاری دیں گے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ وہ نیب کے امور میں مداخلت نہیں کریں گی اور سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار نہ کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی کئی گھنٹے تک کورٹ روم نمبر2 کے باہر لگے بینچ پرہی بیٹھے رہے۔
اس دوران آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ وہ تحریری حکم نامے کا انتظار کر رہے ہیں ،حکم نامہ ملتے ہی باہر چلے جائیں گے،یہاں سو تو نہیں سکتے۔
تحریری حکمنامے کے بعد آغا سراج درانی عدالت سے باہر آئے تو پہلے سے موجود نیب کی ٹیم نے انہیں گرفتار کرکے نیب راولپنڈی بیورو منتقل کردیا۔
آغا سراج درانی کو کل احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لینے کے بعد کراچی منتقل کیا جائے گا،راہداری ریمانڈ سے پہلے ان کا کا میڈیکل چیک اپ بھی کرایا جائے گا۔