اسلام آباد ایئر پورٹ پر 50 ہزار درہم کی منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف)  کے عملے نے اسلام آباد سے دبئی جانے والے مسافر کے قبضے سے 50 ہزار یو اے ای درہم برآمد کرلیے۔ ملزم یہ رقم غیر قانونی طور پر ملک سے باہر اسمگل کرنا چاہ رہا تھا۔

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ سے پی آئی اے پرواز سے دبئی روانگی کے لیے پہنچنے والے مسافر عطااللّٰہ کی تلاشی لی گئی تو اس کے دستی سامان کی اسکیننگ کے دوران غیر ملکی کرنسی کی نشاندہی ہوئی۔

ترجمان کے مطابق یہ کرنسی مسافر نے بیگ میں چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران کرنسی برآمد کرکے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنادی اور 50 ہزار اماراتی درہم برآمد کرلیے۔

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ضبط کی گئی غیر ملکی کرنسی کی مالیت پاکستانی روپوں میں تقریباً 24 لاکھ روپے ہے، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں