مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم سے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہفتہ میں قومی اسمبلی کا کورم ٹوٹنا وزیراعظم پرعدم اعتماد ہے۔ صدر مملکت وزیراعظم کو پارلیمنٹ سے دوبارہ اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کریں۔ پاکستان کے اوپر عمران خان کی حکومت ایک عذاب بن چکی ہے۔
احسن اقبال نے سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمت ہے توملتان موٹروے پرانکوائری کیلئے چینی صدر کو خط لکھیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سڑکیں بنانے میں کرپشن کی نشاندہی کریں۔ حکمران منصوبوں کومتنازعہ کر رہے ہیں۔ ن لیگ کے دورمیں سی پیک منصوبے کے تحت سڑکیں بنائی گئیں۔
حکمران سی پیک کے خلاف دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ہر منصوبے کےتخمینے کی لاگت اورمکمل ہونے میں فرق ہوتا ہے۔
وہ موٹروے جس میں زیادہ برج یا اوورہیڈ برج ہوں گے لاگت زیادہ ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے سی پیک کے 95فیصد منصوبوں کی طرف اشارہ کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ آپ شکریہ ادا نہیں کرسکتے تو محسنوں پر الزام نہ لگائیں