احساس راشن پروگرام میں 10لاکھ افراد کی رجسٹریشن ہوگئی:ثانیہ نشتر

وزیر اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس راشن پروگرام میں 10 لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن مکمل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حسن ابدال میں ایک جنرل اسٹور کے دورے کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا کہ رجسٹریشن کے آغاز سے اب تک 4 کروڑ افراد نے اپنا ڈیٹا پورٹل میں جمع کرایا ہے۔ پروگرام کے تحت گھر کے کسی ایک فرد کو رجسٹر کیا جاسکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہر خاندان 1000 روپے ماہانہ تک رعایت حاصل کرسکے گا۔دکانداروں میں احساس راشن پروگرام میں ویب پورٹل کے استعمال پر آگہی پیدا کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت کے تحت 2کروڑ خاندانوں کو رعایت کی سہولت فراہم کریں گے۔

گفتگو کے دوران احساس پروگرام کی سربراہ نے کہا کہ 2 کروڑ خاندان آٹا، دال اور کوکنگ آئل یا گھی پر سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔ آٹے پر 22 روپے، گھی پر 105 جبکہ دالوں پر 55 روپے کی رعایت دی جائے گی۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرکے ان کے مسائل حل کرنے کو اہمیت دیتی ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت گروسری کے تاجروں کو رجسٹریشن کے عمل اور اہلیت کے متعلق مرحلہ وار رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔ مستحق افراد کی شناخت احساس نیشن سوشل اکنامک رجسٹری سروے کے ذریعے کی جائے گی۔ اشیائے ضروریہ پر رعایت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پورٹل پر کسی بھی خاندان کا ایک فرد رجسٹر ہوسکتا ہے۔ گروسری کے تاجر بھی پورٹل پر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔ تاجروں کا درست بینک اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔ جن کے اکاؤنٹس نہیں ہیں وہ نیشنل بینک آف پاکستان کی قریبی برانچز پر جا کر اپنے بینک اکاؤنٹس کھلوا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں