ٹوکیو اولمپکس: کورونا وائرس کے وبائی مرض کی وجہ سے ایک سال تاخیر سے شروع ہونے والے ٹوکیو اولمپک کی اختتامی تقریب کا آگے بڑھنے کے پیغام کے ساتھ غیر معمولی اختتام ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کی تقریب کے اختتامی مراحل میں کھلاڑیوں نے اپنے اپنے قومی پرچم کے ساتھ تقریب میں انٹری کی۔ جاپان نے ٹوکیو اولمپکس کے اختتام پر آگے بڑھنے کے پیغام کے ساتھ اولمپکس کا پرچم پیرس کے حوالے کیا جبکہ اس موقع پر کورونا وائرس سے اپنی جان گنوانے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اولمپکس کے اختتام پر گولڈ میڈلز کی دوڑ میں امریکا چین پر بازی لے گیا۔
امریکہ تمغے کی میز پر 39 سونے کے تمغوں کے ساتھ سرفہرست رہا، چین 38 سونے کے تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ جاپان 28 سونے کے تمغے لے کر اس فہرست میں تیسرے نمبر پر آیا ہے۔
امریکا نے مجموعی طور پر 113 تمغوں کی واضح برتری کے ساتھ اولمپکس میں پہلی پوزیشن پر قبضہ کرکے اپنے سفر کا اختتام کیا۔ چین مجموعی طور پر 88 تمغے حاصل کرکے دوسرے نمبر پر آیا ۔
مجموعی تمغوں کے اعتبار سے تیسرا نمبر روسی اولمپک کمیٹی کا ہے جس نے 71 میڈل جیتے ہیں اور 65 تمغوں کے ساتھ برطانیہ چوتھے نمبر پر ہے۔ میزبان جاپان کل تمغوں، 58، کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہے۔
تمغوں کی دوڑ میں آسٹریلیا 17جبکہ فرانس، جرمنی،ہالینڈ اور اٹلی دس،دس گولڈ میڈلز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اگلے اولمپک گیمز 2024 میں فرانس کے شہر پیرس میں کھیلے جائیں گے۔