آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ضامن ہے، وزیراطلاعات

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ آج پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر ڈھالنے کا مقصد اپنے رہبر و پیغمبر کی صفات اور اسوہ حسنہ پرعمل درآمد کی کوشش ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے 12 ربیع الاول یوم ولادت رسول ﷺ کے موقع پرجاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہاکہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرت ہمارے لئے مشعل راہ ہے، آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ضامن ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کے تصور سے پوری طرح رہنمائی حاصل کر کےپاکستان کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں۔ اب منزل زیادہ دور نہیں، بہت جلد اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ ہمیں اسوہ حسنہ سے رہنمائی لے کر معاشرے میں امن و بھائی چارے کے فروغ اور فلاح انسانیت کیلئے کام کرنا ہو گا، خاتم النبینﷺ کی حیات طیبہ نا صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کی سیرت و کردار کی تعمیر اور اخلاق و اعمال کی درستگی کی عمدہ مثال ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہمیں قومی، مذہبی اور اجتماعی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی سوچ اور رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی، عصر حاضر کا تقاضا ہے کہ ہم عشق محمدﷺ کو اپنے کردار، گفتار اور عملی نمونہ سے دنیا پر ثابت کریں۔

فواد چوہدری نے کہاکہ دعا ہے کہ یہ ماہ بابرکت ہمارے لئے باعث رحمت و بخشش ہو اور ہمیں محسن انسانیت نبی کریمﷺ کے اسوہ حسن پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے، آمین ۔

واضح رہےکہ ملک بھر میں جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلادالنبی کے حوالے سے خصوصی تقریبات، کانفرنسز اور میلاد ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

12 ربیع الاول کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا ،پھر مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی واستحکام کےلیےخصوصی دعائیں بھی کی گئی۔

جشن ولادت رسولﷺ کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں ریلیاں اور جلوس بھی نکالے جارہے ہیں ،جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

میلاد النبیﷺ کے موقع پر مساجد، عمارتیں اور شاہراہیں سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجائی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں