وفاقی وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط کے مطابق پیٹرول کی قیمت بڑھانی ہے، آئی ایم ایف نے 700 ارب ٹیکس کا کہا لیکن حکومت 350 ارب پر لے کر آئی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزمل اسلم کا کہنا تھاکہ پوری دنیا میں مہنگائی کا طوفان ہے، ایسی مہنگائی 2008 میں بھی دیکھی گئی تھی، پچھلے 6 ماہ میں جتنی مہنگائی ہوئی اس کا جائزہ لینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق پیٹرول کی قیمت بڑھانی ہے، آئی ایم ایف نے 700 ارب ٹیکس کا کہا لیکن حکومت 350 ارب پر لے کر آئی۔
منی بجٹ کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھاکہ موجودہ مالیاتی ترمیمی بل منی بجٹ نہیں ہے، گزشتہ حکومتوں کی غیر ضروری ٹیکس چھوٹ ختم کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں پیٹرول کی قیمت کم ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔