گوگل نے افغان حکومت کی ای میلز تک طالبان کی رسائی روکنےکیلئے اکاؤنٹس بلاک کردیے

گوگل نے طالبان کی جانب سے افغانستان پر کنٹرول کے بعد افغان حکومت کے متعدد ای میل (جی میل) اکاؤنٹس بلاک کردیے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق گوگل کی جانب سےگذشتہ دنوں کہا گیا تھا کہ وہ افغانستان کی صورت حال کا جائزہ لے رہا ہے اور افغان حکومت کے ای میل اکاؤنٹس عارضی طور پر بلاک کرنے جارہا ہے۔

خبر ایجنسی کےمطابق گوگل کی جانب سے یہ اقدام حفاظتی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے، اس سے قبل افغان حکومت کا بائیومیٹرک نظام طالبان کے ہاتھ لگنے پر خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ طالبان اس کے ذریعے اپنے مخالفین کو ڈھونڈ کر نشانہ بناسکتے ہیں۔

امریکی حمایت یافتہ سابقہ افغان حکومت کے ایک متعلقہ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر خبر ایجنسی  کو بتایا کہ طالبان سابقہ حکومت کے عہدیداران کے ای میل اکاؤنٹس تک رسائی چاہتے تھے اور انہوں نے مجھ سےکہا تھا کہ میں اپنے محکمے کے سرورز کا ڈیٹا محفوظ کروں تاہم میں نے ایسا نہیں کیا اور اب تک چھپا ہوا ہوں۔

رپورٹ کے مطابق سابقہ افغان حکومت کے عہدیدار  گوگل کی جی میل کے علاوہ مائیکروسافٹ کی ای میل سروس بھی استعمال کرتے تھے تاہم مائیکروسافٹ نے ڈیٹا طالبان سے بچانے کے لیےکیا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی جب کہ مائیکروسافٹ نے بھی اس سوال پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں