گورنر سندھ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزعابی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے پاکستان میں بالخصوص صحت، تعلیم ، توانائی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں متحدہ عرب امارات کی معاونت کو سراہا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات میں بتدریج بہتری آئی ہے جس سے دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ، کورونا وبا کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزعابی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کورونا سے نمٹنے کی مجموعی حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے ، پاکستان معاونت پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں