کورونا کیسز میں اضافہ؛ آج سے تمام کاروباری مراکز، دکانیں شام 6 بجے بند

کورونا کےبڑھتے کیسز کے باعث سندھ حکومت نے ایک بار پھر پابندیاں عائد کردی ہیں جن کا نفاذ آج سے ہوگا، مارکیٹیں شام چھ بجے بند کردی جائیں گی اور ریسٹورنٹس میں صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر سندھ میں آج سے دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کورونا ٹاسک فورس کے فیصلوں کے تحت شاپنگ مالز اورمارکیٹیں صبح چھ سے شام چھ بجے تک کھلیں گی۔ شہری عوامی مقامات پر بھی نہیں جاسکیں گے جبکہ کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے باعث جمعے اور اتوار کو کاروبار بند رہے گا۔

پابندیوں کے تحت اشیائے ضروریہ کی دکانیں مثلاً کریانہ اسٹور، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیں گی۔ تمام ہوٹلوں کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ بند رہے گی تاہم ٹیک اوے کی سہولت رات 10 بجے اور ہوم ڈیلیوری کی سہولت رات 12 بجے تک ہوگی۔ صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے 31 جولائی تک بند رہیں گے اور صرف انٹر میڈیٹ کے امتحانات کورونا ایس او پیز کے تحت جاری رہیں گے۔

اس کے علاوہ سرکاری اور نجی سیکٹر میں پچاس فیصد اسٹاف حاضر ہوگا جب کہ صوبے بھر میں درگاہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 24.82 فیصد رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں