کراچی: دوبارہ شادی سے انکار پر خاتون نے سابق شوہر پر تیزاب پھینک دیا

نارتھ کراچی کے علاقے میں خاتون نے مبینہ طور پر سابق شوہر پر تیزاب پھینک دیا جس سے وہ جھلس کر زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ناگن چورنگی کے قریب مبینہ طور پر خاتون نے سابق شوہر پر ریسٹورینٹ میں تیزاب پھینک دیا، تیزاب پھینکنے کا مبینہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ واقعے میں خاتون بھی معمولی زخمی ہوئیں جبکہ جھلس کر زخمی ہونے والا شخص سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ متاثرہ شخص نے 9 ماہ قبل خاتون کو طلاق دی تھی، ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون طلاق کے بعد دوبارہ شادی کے لیے اسرار کر رہی تھی۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کا چہرہ، سینہ اور جسم کے دیگر حصے تیزاب سے متاثر ہوئے ہیں، شواہد ہیں کہ خاتون نے اپنے سابق شوہر پر تیزاب پھینکا، متاثرہ شخص کابیان لینے کے بعد خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

دوسری جانب واقعے کے بعد خاتون نے نیوکراچی تھانے پہنچ کر زخمی ہونے والے سابق شوہر پر تیزاب پھینکنے کا الزام لگایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں