کراچی، عمر شریف کی میت ایدھی سرد خانے منتقل، تدفین آج ہوگی

لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی میت وطن کی خاک سے جڑنے کے لیے جرمنی سے کراچی پہنچادی گئی ہے۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل بھی اسی جہاز میں پاکستان پہنچیں۔

ائیرپورٹ پر عمر شریف کے بیٹوں اور عزیز و اقارب نے میت وصول کی۔ میت ترکش ائیر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچائی گئی۔

عمر شریف کے جسد خاکی کو کراچی ائیرپورٹ سے ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ منتقل کردیا گیا۔ اس دوران میت کو قافلے کی صورت میں ایئرپورٹ سے ایدھی سرد خانے لایا گیا۔

اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد سبز ہلالی پرچم میں لپٹے عمر شریف کے جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتی رہی۔

عمر شریف کے صاحبزادگان جواد عمر اور فواد عمر نے کہا ہے کہ ان کے والد کی نماز جنازہ سہ پہر 3 بجے عمر شریف پارک بالمقابل ضیا الدین اسپتال کلفٹن میں ادا کی جائے گی اور تدفین حضرت عبدﷲ شاہ غازی کے مزار سے جڑے قبرستان میں کی جائے گی۔

کراچی میں اب بھی مرحوم کے گھر پر تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ عمر شریف کا 2 اکتوبر کو جرمنی کے شہر نیورمبرگ کے اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں